• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ اسٹار فخر زمان کے نام سے اسکول کی تعمیر زیر غور

Construction Of School Planned Under The Name Of Fakhar Zaman

خیبر پختو نخوا حکومت نے صوبے میں فخر زمان کے نام سے اسکول کی تعمیر کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ اس سلسلے میں خیبر پختو نخوا کے وزیر تعلیم عاطف خان نے اسٹار بیٹسمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے فخر کو زبردست کارکردگی پر مبارکباد دی ۔

ملاقات کے دوران وزیر تعلیم نے زمان کے والد فقیر گل سے بھی ملاقات کی اور ان کے گاؤں میں تعلیم کی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا اور بتایا کہ پورا ملک فخر کی کارکردگی سے خوش ہے۔

 

فخر زمان کے والد کی درخواست پر وزیر تعلیم نے ان کے گائوں میں اسکول بنانے کا اعلان کیا۔

عاطف خان نے کہا کہ عید کے بعد اسکول کی تعمیر کا کام شروع ہو جائےگا۔ اسکول تمام جدید سہولیات سے لیس ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول کا نام فخر کے نام پر رکھا جائےگا۔

فخر کا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے وہ اپنے5 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں جبکہ ان کے والد ایک کاشتکار ہیں اور ان کے بھائی سرکاری اسکول میں استاد ہیں۔

اوپنگ بیٹسمین فخر زمان جنہوں نے پاکستان کی چیمپیئنز ٹرافی جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران ہی جنوبی افریقہ کے خلاف اپنا ڈیبیو کیا اور پھر ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کے خلاف زبردست سنچری داغ کر پاکستان ٹیم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

 فخر زمان کی زبردست پرفارمنس پر بحریہ ٹائون نےانہیں ایک کینال کا پلاٹ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں انہوں نے 4میچوں میں 2نصف سنچریوں کے ساتھ 252رنز اسکور کیے۔

فخر زمان کا تعلق ضلع مردان کی تحصیل کتلنگ سے ہے۔ وہ انزرگے گائوں میں پیدا ہوئےاور 16 سال کی عمر میں کراچی آگئے جہاں انہوں نے پاکستان نیوی جوائن کی اور ایک سال کے اندر اندر اچھی کرکٹ کھیل کر سب کی توجہ اپنی طرف کرلی ۔

انہوں نےاپنی فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز سن 2013 میں کراچی بلیوز کی جانب سے کیا تھا۔ گزشتہ سال پاکستان کپ کے 5 میچوں میں 297رنز اسکور کیے تھے جس میں ایک سنچری اور 2نصف سنچریاں شامل تھیں۔

پاکستان کپ ٹورنامنٹ کی پرفارمنس کی بنیاد پر فخر زمان پاکستان ٹیم میں شامل ہوئے اور چند مہینوں میں ہی اسٹار بیٹسمین بن گئے ۔

تازہ ترین