سکھر (بیورو رپورٹ) سیپکو انتظامیہ کی جانب سے شہر و نواحی علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گنجان آبادی والے علاقوں پرانا سکھر، شالیمار روڈ، ریجنٹ سنیما، والس روڈ، کوئنس روڈ، نیوپنڈ، بھوسہ لائن، مائکرو کالونی، نمائش چوک، جناح چوک، میانی روڈ، نصرت کالونی نمبر دو، تین، باغ حیات علی شاہ، غریب آباد سمیت دیگر میں سحر و افطار اور نماز تراویح میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ صبح، دوپہر اور شام کے مختلف اوقات میں خود ساختہ فنی خرابی کے نام پر کئی کئی گھنٹے بجلی بند رکھی جارہی ہے جس کی وجہ سے عید کی تیاریوں کے سلسلے میں شہریوں بالخصوص خواتین کو گھروں کی تزئین و آرائش، سجاوٹ سمیت دیگر امور خانہ داری کی انجام دہی میں اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ شہر کے متعدد علاقے ایسے بھی ہیں جہاں پر ٹرانسفارمرز خراب ہونے کے باعث کئی دن سے بجلی کی سپلائی معطل ہے اور ان علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے، علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ سیپکو انتظامیہ نے ہماری زندگیاں اجیرن بنادی ہے، خراب ٹرانسفارمرز درست نہیں کیے جارہے ہیں، کئی دن سے بجلی سپلائی معطل ہے، نکاسی و فراہمی آب کا نظام بھی متاثر ہورہا ہے، پینے کے پانی کے بحران نے دہرے عذاب سے دوچار کررکھا ہے جبکہ دیگر ضروری کام کاج نمٹانے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، متعلقہ افسران کو متعدد بار شکایات کی گئیں مگر ہمارے علاقوں کے ٹرانسفارمرز کو درست نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، وفاقی وزیر پانی و بجلی و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر خراب ٹرانسفارمرز فوری طور پر درست کرائے جائیں تاکہ عید کے موقع پر بجلی کی سپلائی بحال ہوسکے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے، سحر و افطار اور تراویح میں بجلی بند نہ کیے جانے کے سخت احکامات دیے گئے تھے مگر سیپکو انتظامیہ نے پورا رمضان ان احکامات کو یکسر نظر انداز کیے رکھا اور تاحال سحر و افطار و تراویح سمیت بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔