گجرات(نمائندہ جنگ) گجرات میں 12گھنٹے کی موسلادھار بارش سے شہر بھر میں پانی کھڑا ہوگیا‘ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش سے شہر کی گلی محلوں‘ سڑکوں‘ سرکاری دفاتر جن میں ڈی پی او آفس‘ ڈی سی آفس‘ ڈسٹرکٹ جیل‘ ٹی ایم اے اور دفاتر میں پانی کھڑا ہوگیا بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا جبکہ گرمی کا زور ٹوٹ گیا‘ روزہ داروں نے گرمی سے نجات پر سکھ کا سانس لیا۔ دوسری جانب میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کی انتہائی ناقص کارکردگی کے باعث کئی کئی گھنٹوں تک پانی گلی محلوں میں کھڑا رہا جس سے لوگوں کو آمدو رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ترجمان میونسپل کارپوریشن کے مطابق پانی کی نکاسی کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ مون سون کے موسم میں زیادہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔