بھمبر ( جنگ نیو ز)پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف نے کہا ہے کہ غریب، دکھی، معذور، نادار افراد کی فلاح کے لئے جلد بھمبر میں فلاحی ادارہ قائم کیا جائے گا جس میں انسانیت کی خدمت ہمارا نصب العین ہو گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلام نہ صرف ایک مذہب ہے بلکہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور اسلام ہمیں انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے اور غریب امیر کے فرق کو ختم کرنے کی تلقین کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اپنی رہائش گاہ پر غریب اور معذور افراد میں عید تحائف تقسیم کرنے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے جو پیپلز پارٹی کا منشور ہے، عوام کی خدمت کرنا پیپلز پارٹی کے نصب العین میں شامل ہے۔ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو نے غریب اور محکوم عوام کو زبان دی، حوصلہ دیا اور امیر و غریب کے فرق کو مٹانے کے مشن پر ہمیشہ کوشش کی، ہم سے جتنا ممکن ہو سکا فلاحی ادارے کے اندر اسلامی اصولوں اور پیپلز پارٹی کے منشور کے مطابق ہر صورت عملی طور پر انسانیت کی فلاح کے لئے بڑھ چڑھ کر کام کرینگے۔