• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خودساختہ فنی خرابی کے نام پر بجلی کی بندش، سکھر کے صارفین دہرے عذاب میں مبتلا

سکھر(نامہ نگار ) شہر و گردو نواح میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہیں ہو سکا۔ خود ساختہ فنی خرابی کے نام پر بجلی کی طویل بندش اور خراب ٹرانسفارمرز کی عدم درستی کے باعث صارفین دہرے عذاب میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ سیپکو انتظامیہ کی جانب سے گنجان آبادی والے علاقوں پرانا سکھر، شالیمار روڈ، ریجنٹ سنیما، والس روڈ، کوئنس روڈ، ٹکر محلہ، نیوپنڈ، بھوسہ لائن، نواں گوٹھ، مائکرو کالونی، نمائش چوک، پیر مراد شاہ کالونی میں تار گرنے، گرڈ سے بجلی بند ہونے، فالٹ آنے سمیت دیگر جواز بناکر خود ساختہ فنی خرابی کے نام پر 14سے 16گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ حسب معمول جاری ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی بند نہ کیے جانے کے واضح احکامات بھی سیپکو انتظامیہ نے یکسر نظر انداز کررکھے ہیں اور سحر، افطار و تراویح میں بھی بجلی بند کی جارہی ہے۔ شہر کے متعدد علاقوں میں کئی ہفتوں سے خراب ٹرانسفارمرز بھی درست نہیں کیے جاسکے ہیں اور مذکورہ علاقوں کے مکین کئی ہفتوں سے بجلی سپلائی سے محروم ہیں۔ بجلی کی مسلسل عدم فراہمی معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کررہی ہے، گھروں میں خواتین و بچے اور ضعیف العمر افراد کو شدید پریشانی سے دوچار ہونا پڑرہا ہے جبکہ عید کی تیاری سمیت امور خانہ داری کی انجام دہی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ سب ڈویژن پرانا سکھر کے فیڈر جئے شاہ کے علاقے ریجنٹ سنیما سلیم کالونی میں 4دن سے بجلی سپلائی معطل ہے، علاقے کو بجلی فراہم کرنیوالا ٹرانسفارمر کئی دن سے خراب ہے۔ علاقہ مکینوں نے الزام لگایا ہے کہ سیپکو کے اہلکاروں کی معاونت سے بجلی چوری عروج پر پہنچ گئی ہے، جس کی وجہ سے ٹرانسفارمر بار بار خراب ہورہا ہے جس کی درستی کے لئے رقم طلب کی جارہی ہے، ہم محنت و مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والے غریب لوگ ہیں، ٹرانسفارمر کی درستی کے لئے طلب کی جانیوالی رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، انہوں نے حکام بالا سے اپیل کی کہ نوٹس لیکر خراب ٹرانسفارمر فوری طور پر درست کراکر علاقے میں بجلی کی سپلائی بحال کی جائے۔ہالا سے نامہ نگار کے مطابق  اڈیرو لعٰل اسٹیشن   سمیت علاقہ کے درجنوں دیہات  میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن شدید گرمی میں روزہ دار مشکلات  سے دوچار ہیں۔ نواز لیگ کے رہنما اقبال ساہوال کے مطابق جمعرات کی صبح 8بجے سے بند ہونے والی بجلی دن بھر بحال نہ ہوسکی  جس کے باعث  پانی کی کمی کے ساتھ شہریوں اور روزہ داروں کو قیامت خیز گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی بندش کے بارے میں رابطے بھی نہیں ہورہے ہیں  حیسکو کے مقامی دفاتر کے علاوہ سرکل دفاتر کے موبائل فونز بھی بند کردیئے گئے ہیں۔
تازہ ترین