راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) عیدالفطر کے موقع پر راولپنڈی خصوصاً تھانہ نیو ٹائون کے ایریاز میں سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہو گیا ہے ، پولیس سمیت منتخب عوامی نمائندے بھی عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکے ہیں ، شہری موٹرسائیکل سوار اسلحہ برداروں کے ہاتھوں دن دیہاڑے لوٹے جا رہے ہیں مگر انہیں تحفظ دینے والا کوئی نہیں جبکہ ڈکیتیوں میں ملوث افراد گرفتار ہونے کی بجائے شہریوں سے نقدی ، موبائل اور زیور چھین رہے ہیں ، ان وارداتوں میں گزشتہ چند ہفتوں میں روزنامہ جنگ کے متعدد کارکن بھی لوٹے جا چکے ہیں ، شہریوں نے بتایا کہ تھانہ نیو ٹائون کے علاقوں ای بلاک ، ایف بلاک ، کٹاریاں ، کمرشل سنٹر،گردونواح میں سٹریٹ کرائم میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے ، عید کی شاپنگ کیلئے جانے والے افراد خصوصاً خواتین کو موٹرسائیکلوں پر بیٹھے نوجوان اسلحہ دکھا کر ان سے سامان چھین کر فرار ہو جاتے ہیں اور غربت کی چکی میں پسے عوام تھانہ میں رپورٹ درج کروانے سے بھی ہچکچاتے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ اس طرح کی 90فیصد وارداتیں موٹر سائیکل سوار ہی اسلحہ دکھا کر رہے ہیں ، شہریوں کا کہنا تھا کہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ راولپنڈی میں میئر سمیت بلدیاتی نمائندوں کے آجانے کے بعد عوام کو امن و امان کے حوالے سے ریلیف ملتا مگر اس طرح کی وارداتوں میں کمی کی بجائے اضافہ ہی ہوا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت پنجاب پولیس کے اعلٰی حکام کی توجہ اس اہم مسئلہ کی طرف دلاتے ہوئے کہا ہے کہ عام شہریوں کو آئے روز اس طرح کی وارداتوں سے بچایا جائے اور انہیں تحفظ دیا جائے۔