سکھر (بیورو رپورٹ) عیدالفطر کی آمد کے موقع پر نجی بینکوں کی اے ٹی ایمز غیر فعال ہونے سے شہری پریشان ہوگئے، خریداری کے لئے آنیوالے شہری ایک بینک سے دوسرے بینک چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی شہر کے مختلف علاقوں شالیمار روڈ، مشن روڈ، فرےئر روڈ، صرافہ بازار، شہید گنج، اسٹیشن روڈ، مارچ بازار، ملٹری روڈ و دیگر علاقوں میں نجی بینکوں کی جانب سے نصب کی جانیوالی اے ٹی ایمز غیر فعال ہوگئیں، جس کی وجہ سے اے ٹی ایمز کارڈ کے ذریعے اپنے اکاؤنٹس سے رقم نکالنے والے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد عید الفطر کے موقع پر سامان کی خریداری کے بعد رقم کی ادائیگی کے لئے اے ٹی ایمز کا رخ کررہی ہے تاہم بیشتر اے ٹی ایمز غیر فعال ہیں، کہیں بھی رقم نہیں ہے تو کہیں پر عارضی طور پراے ٹی ایمز بند ہیں جو شہریوں کیلئے تکلیف کا سبب بن رہی ہے اور شہری کبھی اس بینک تو کبھی اس بینک کے چکر لگانے پر مجبور ہوگئے ہیں، متعدد شہریوں نے اے ٹی ایمز سے رقم نہ نکلنے کے باعث اپنے عزیز و اقارب و دوست و احباب کو فون کرکے مطلوبہ مقام پر رقم پہنچانے کی درخواست کی جس کے بعد انہوں نے خریدے گئے سامان کی رقم ادا کی اور گھروں کی راہ لی۔ اے ٹی ایمز غیر فعال ہونے سے سب سے زیادہ پریشانی بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد کو اٹھانا پڑ رہی ہے کیونکہ بیرون شہر کے خریدار رقم ساتھ لیکر آنے کے بجائے اے ٹی ایم کارڈ جیب میں رکھ کر تجارتی مراکز پہنچتے ہیں اور خریداری کے بعد اے ٹی ایمز سے رقم نکال کر ادا کردی جاتی ہے تاہم اے ٹی ایمز غیر فعال ہونے سے بیرون شہر سے خریداری کے لئے آنیوالے افراد شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں۔