لاہور(خصوصی نمائندہ) ترجمان محکمہ صحت پنجاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی ہدایت پر وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری نجم احمد شاہ بذریعہ ہیلی کاپٹر صبح ہی بہاولپور پہنچ گئے اور امدادی سر گر میوں کی نگرانی شروع کر دی تھی۔ سانحہ بہاولپورکے 50 زخمی ملتان کے برن یونٹ میں زیر علاج ہیں ، برن یونٹ مکمل طورپر فنکشنل ہے-حادثہ کے 25 زخمیوں کو سی ون 30 طیارے کے ذریعے لاہور منتقل کیاجارہا ہے جنہیں جناح ہسپتال کے برن یونٹ میں داخل کیاجائے گا -انہوں نے کہا کہ بہاولپور حادثے کے 6 زخمیوں کو فیصل آباد کے برن یونٹ میں منتقل کیاجارہاہے جبکہ باقی زخمی بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں زیر علاج ہیں -خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ذاتی طور پر نگرانی کی -انہوں نے نے مزید کہا کہ ایسے موقع پر جب محکمہ صحت بہاولپور سانحہ کے زخمیوں کے علاج معالجے میں پوری طرح سرگرم ہے ،ایک نام نہاد تنظیم کی جانب سے محکمہ کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔