سکھر (بیورو رپورٹ)کمشنر سکھر/لاڑکانہ ڈویژن محمد عباس بلوچ کی زیرصدارت سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنل ٹاسک فورس فار پولیو کا مشترکہ اجلاس ڈی سی آفس سکھر کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر سندھ کے کوآرڈینیٹر ، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، خیرپور، جیکب آباد، کشمور، قمبر اور شکارپور اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز، ڈبلیو ایچ او نمائندگان اور فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ ای او سی کوآرڈینٹرنے اجلاس کو بتایا کہ کچے اور ہائی رسک پاپولیشن والی دونوں ڈویژنز کی 90یونین کونسلوں میں2سال قبل قائم کی گئی (ایف سی وی ایس)کو ختم کرکے اب انہیں معیاری بنانے کیلئے اسٹینڈرڈ موبائل ٹیم کا نام دیا گیا ہے جن کا کام اور مائکرو پلان وہی ہوگا، یہ ٹیمیں اب پولیو مہم کے مہینے میں ہی 15روز کام کریں گی جنہیں معاوضہ 15دن کا ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اب (ای پی آئی) کی روٹین امیونائزیشن کا فعال بنانا ہے، ای پی آئی کی بجٹ اب ہر ضلع کو کوارٹرلی ملے گی، ایس پی سی ون منظور ہوچکی ہے، رقم کا کوئی اشو نہیں سب کو مل کر اور ایک دوسرے کے ہاتھ مضبوط کرکے ٹیم ورک کی حیثیت سے کام کرنا ہوگا، تب ہی پولیو کے وائرس کو ختم کرسکیں گے۔ ای او سی کوآرڈینٹرنے واضح کیا کہ ڈیش بورڈ پر غلط اور گھربیٹھے ڈیٹا ڈالنے والوں کو ہرگز نہیں بخشا جائیگا، قوم و اداروں کو بیوقوف بنانے والے ایسے ڈی ایچ اوز یا دیگر متعلقہ افسران و نمائندگان کے خلاف اب ڈبلیو ایچ او کی نگرانی میں انکوائری کرواکر ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔