راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)پنجاب حکومت کی ہدایات کے باوجود سرکاری اداروں کے درمیان عدم تعاون کے باعث ضلع راولپنڈی میں پرائیویٹ ایمبولینسوں کی رجسٹریشن کا کام مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ایمبولینس رجسٹریشن کیلئے ڈیڈلائن میں30جنوری تک توسیع کی گئی تھی، چھ ماہ گزر گئے کام مکمل نہیں ہوسکا ہے۔اور پرائیویٹ ایمبولینس مالکان نے سرکاری احکامات کو ہوا میں اڑا کر رکھ دیا ہے۔جبکہ ان کے خلاف ایکشن کے ذمہ ار ادارے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ٹریفک پولیس بھی خاموش ہیں۔محکمہ صحت نے بھی تین میں سے دو ایمبولینس ایمرجنسی بورڈجو پیشنٹ ریفرل سروس(پی آر ایس)کا ذمہ دار ہوگا اس کے حوالے ہوں گی۔ریسیکو ڈبل ون ڈبل ٹو ایمبولینس رجسٹریشن کا ذمہ دار ہوگا۔اور بغیر رجسٹریشن کوئی ایمبو لینس روڈ پر نہیں چل سکے گی۔ تمام سرکاری ایمبولینسز اب ریسیکو ڈبل ون ڈبل ٹو کے حوالے کی جائیں گی۔جو تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تک منتقلی کیلئے سروس پرووائیڈرز کا ذمہ دار ہوگا۔سرکاری احکامات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں آئندہ اسی ایمبولینس کی رجسٹریشن ہوگی۔جو ریسیکو ڈبل ون ڈبل ٹو کے پاس رجسٹرڈ ہوگی۔ورنہ اس کو روڈ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔تمام این جی اوز،فلاحی ادارے ،نجی مالکان اور سرکاری اداروں کے پاس موجود ایمبولینسز کی بھی رجسٹریشن ہوگی۔لیکن اس پر تاحال عمل نہیں ہوسکا ہے۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمان نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور ٹریفک پولیس نے غیر رجسٹرڈ ایمبولینسز کے خلاف کارروائی کرنی ہے۔لیکن کارروائی سست روی کا شکار ہے۔جس کیلئے کئی مرتبہ کہا جاچکا ہے۔اسی وجہ سے پرائیویٹ مالکان رجسٹریشن میں دلچسپی نہیں لے رہے ہیں۔