پشاور (صباح نیوز) وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کا کرپشن سے کوئی تعلق نہیں، یہ آف شور کمپنیوں کا معاملہ ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کا خاندان تین نسلوں کا حساب دے رہے ہیں لیکن اس کے باوجود عمران خان جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، 2018ء کے الیکشن کے بعد خیبر پختو نخوا کے عوام کو عمران خان جیسے لوگوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، عمران خان نے کرپشن کے بادشاہوں کو دائیں بائیں کھڑا کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جے آئی ٹی اور سپریم کورٹ کا پانامہ کیس کے حوالے سے فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق آئے گا۔ جمعرات کو پشاورپریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پشاور آ کر انہوں نے دیکھا کہ عمران خان کی تبدیلی کے دعوے صرف کاغذوں تک محدود ہیں ۔احتساب کا واویلا مچانے والے عمران خان کی صوبائی حکومت نے احتساب کمیشن کے دفتر کو تالے لگائے ہوئے ہیں ۔بلین ٹری مہم کاغذوں کی حد تک ہے ۔ 350ڈیم اور سینکڑوں پل بنانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس اور تعمیراتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اب خود خیبرپختونخوا میں میٹرو بس اور تعمیراتی منصوبے شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی عمران خان کی تبدیلی دیکھنا چاہتا ہے تو وہ لاہور اور پشاور کے دورے کر کے خود دیکھ لیں انہیں اندازہ ہو جائے گا کہ تبدیلی کہاں پر آئی ہے ۔