سکھر (بیورو رپورٹ) پولیس نے صالح پٹ روڈ پر مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق ڈاکو واردات کی نیت سے صالح پٹ روڈ پر موجود تھے ، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار کی کوشش ناکام بنادی اور ایک ڈاکو جس کا نام سلمان چانڈیو بتایا جاتا ہے کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کر لیں جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹی تشکیل دی گئی ہے۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق ضلع بھر میں ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر ،منشیات، فحاشی ، جوا کے اڈوں کے خلاف پولیس کی جانب سے آپریشن جاری رہے ہے اورعید الفطر کے موقع پر ضلع بھر میں چوری ، ڈکیتی ، لوٹ مار کی وارداتوں کی روک تھام کو یقینی بنانے خاص طور پر نیشنل ہائی وے اور لنک روڈوں پر لوٹ مار کی وارداتوں کی سرکوبی کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے تھے جس کے باعث عید الفطر کے تینوں ایام سکھر میں امن وامان مکمل طورپر بحال رہا ، ضلع بھر میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اس آپریشن کو مزید تیز کیا گیا ہے کیونکہ پولیس کی محنت اور کاوشوں سے سکھر ضلع میں جرائم کی وارداتیں خاص طور پر اغوا برائے تاوان جیسی وارداتوں کا مکمل قلع قمع کر کے امن وامان کو بحال کیا گیا ہے ۔قیام امن کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی اور جو امن وامان ضلع بھر میں قائم ہے اسے ہر صورت میں قائم رکھا جائے گا جبکہ پولیس کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ضلع کے داخلی راستوں اور مختلف مقامات پر کسی بھی وقت اچانک چیکنگ کا سلسلہ شروع کریں۔