حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام امیر و سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو جدوجہد آزادی اور دہشت گردی کا فرق معلوم نہیں،اصل دہشت گرد گجرات کا قاتل مودی ہے، سید صلاح الدین کشمیریوں کے ماتھے کا جھومر ہے،ان کو دہشت گرد قرار دینا اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے،خلیجی بحران کے خاتمہ کے لیے پاکستان، ایران،ترکی اور سعودی عرب کو ایک پیج پر آنا ہوگا،پاکستان کو کرپشن نے کھوکھلا کردیا ہے تاہم حالات میں تبدیلی بوٹ اور بلٹ کے ذریعہ نہیں بیلٹ کے ذریعہ آنا چاہئے،جماعت اسلامی جلد ملک گیر رابطہ عوام مہم چلائے گی،ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے ملی یکجہتی کونسل نے مربوط حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد کے مقامی ہال میں جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کی سالانہ عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، نائب امیر محمد حسین محنتی،نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر رانا محمود علی خان،جماعت اسلامی حیدرآباد کے قائم مقام امیر عقیل احمد خان اور ڈاکٹر سیف الرحمن نے بھی خطاب کیا۔ عید ملن میں پی ایس پی،پی پی اور دیگر جماعتوں کے مقامی رہنما بھی شریک ہوئے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیریوں نے حق خود ارادیت کے لیے لازاول قربانیاں دی ہیں،برہان وانی کی شہادت نے جدوجہد آزادی کی تحریک میں نئی روح پھونک دی ہے،اس سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا ہے،مودی اپنی پریشانی کی داستان لیکر امریکہ گیا جہاں گجرات کا یہ قاتل و دہشت گرد جس پر خود امریکہ میں داخلے پر پابندی تھی لیکن دنیا کو معلوم ہے کہ امریکہ،اسرائیل اور بھارت مسلمانوں اور اسلامی تحریکوں کے خلاف گٹھ جوڑ کئے ہو ئے ہیں۔