چلڈرن اسپتال لاڑکانہ میں 27 نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت پر تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ سیشن جج کو پیش کردی۔
تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ اسسٹنٹ کمشنر مسعود بھٹو کے مطابق رپورٹ میں ایم ایس چانڈکا اسپتال پر تعاون نہ کرنے اور حقائق چھپانے کا الزام لگایا گیا ہے۔
ایم ایس چانڈکا اسپتال متعدد بار طلب کرنے کے باوجود کمیٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ مرنے والے نوزائیدہ بچوں کے ورثا بھی بیان دینے نہیں آئے۔
16 مئی سے 19 کے دوران پیرا میڈکس اسٹاف نے ایم ایس کے رویہ کیخلاف ہڑتال کی تھی جس پر ایم ایس نے اس دوران 27 نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار پیرا میڈکس کو ٹھہراتے ہوئے سیشن جج سے ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست کی تھی۔ جس پر عدالت نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔