کراچی(اسٹاف رپورٹر) عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں اس ماہ کے دوسرے ہفتے میں ہونے والے فٹبال میچ سے قبل کلب کی قسمت چمک اٹھی، فٹبال میچ کے منتظمین نے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کے پیش نظر اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کاکام شروع کردیا ہے جس کے تحت باتھ روم میں نئے ٹائلٹ لگائے جارہے ہیں، انکلوژر میں نئی کرسیاں نصب کی جارہی ہیں جبکہ بعض پرانی کرسیوں کو بھی قابل استعمال بنایا گیا ہے، ہاکی کلب کے ترجمان نے بتایا ہے کہ نئی بلو ٹرف کو نقصان سے بچانے کے لئے فٹبال میچ کے دوران کھلاڑی گریپر شوز(جوتے) استعمال کریں گے، اسٹیڈیم کی فلڈ لائٹ بھی درست کی جارہی ہے، یوں فٹبال میچ کے طفیل ہاکی کلب میں ایک میلہ سج جائے گا، پی ایچ ایف کے حکام پچھلے کئی عرصے سے ملکی سطح کے مقابلوں کے لئے اسٹیڈیم کو استعمال نہیں کررہے ہیں،ہاکی کے حلقوں کا کہنا ہے کہ ملکی سطح پر ہی اس اسٹیڈیم میں نائٹ ہاکی لیگ کا انعقاد کر کے اس میں ہاکی سر گرمیوں کا آ غاز کیا جاسکتا ہے مگر اس جانب توجہ دینے والا کوئی نہیں ہے۔