امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپٹ افراد پارٹیاں بدلتے رہتے ہیں، یہ کرپٹ افراد اگر غلاف کعبہ کے پیچھے چھپ جائیں ہم انہیں وہاں سے بھی نکال لائیں گے ، کیونکہ ہم ملک کو کرپشن فری ریاست بنانا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ان خیالات کا اظہار الحمرا ہال لاہور میں قومی انتخابات کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ افسوس ریمنڈ ڈیوس کی رہائی میں ان لوگوں نے کردار ادا کیا جن سے قوم کو بڑی توقعات ہیں۔ دیت کے پیسے کی بھی انکوائری ہونی چاہیے، کس کو کتنا پیسہ ملا۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کے ہر دفتر میں گندمی ریمنڈ ڈیوس بیٹھے ہیں، آئندہ الیکشن ریمنڈ ڈیوس کے بھائیوں کے لیے یوم حساب بنانا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یہ نظام مادر فروشی، دختر فروشی اور وطن فروشی پر قائم ہے ، سراج الحق نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہے کہ کس کی وجہ سے لوگ اپنی عزت اور غیرت کا سودا کرنے پر مجبور ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ کن کی وجہ سے لوگ غربت کا شکار ہیں ، اوریہ بھی دیکھنا ہے کہ کس کی وجہ سے لوگ اپنی عزت اور غیرت کا سودا کرنے پر مجبور ہیں ۔
سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کاز کے ساتھ غداری پاکستان کے ساتھ غداری ہے، کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔