اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ،نمائندہ جنگ) سی پیک کے تحت تعمیر ہونیوالا 1320میگاواٹ کوئلے سے چلنے والےساہیوال پاور پلانٹ کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے اور آج تین جولائی سے پاور پلانٹ پوری طرح فعال ہو جائے گا، کوئلے سے چلنے والا پلانٹ 1320میگا واٹ بجلی پیدا کر یگا،1ارب 80کروڑ ڈالر لاگت آئی ،1کروڑ افراد مستفید ہونگے،ساہیوال پاور پلانٹ کے پہلے یونٹ کا افتتاح وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا ، ساہیوال پاور پلانٹ کی تعمیر مقررہ وقت سے 22روز قبل 22ماہ اور8روز میں مکمل کی گئی ہےساہیوال پاور پلانٹ،660، 660 میگاواٹ کے دو یونٹس پر مشتمل ہے ، ایک ارب 80کروڑ ڈالر لاگت کا یہ منصوبہ 31جولائی 2015کو شروع کیا گیا ، سی پیک کے تحت تعمیر ہونیوالا یہ پہلا ماحول دوست پاور پلانٹ ہے جو جدید ترین پیداواری یونٹس کا حامل ہے ، اس منصوبے سے 9ارب کلوواٹ ہاوربجلی سالانہ پیدا ہوگی جس سے ایک کروڑ افراد مستفید ہونگے اورپاکستان کی توانائی کی ایک چوتھائی ضروریات پوری ہونگی ۔