راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں کا جینا حرام کر کے رکھ دیا ہے۔ یہ کتے رات کو سڑکوں پر غول کے غول آزادانہ گھومتے نظر آتے ہیں جو آنے جانے والوں پر حملہ آور بھی ہوتے رہتے ہیں لیکن کوئی محکمہ اپنی ذمہ داری ادا کرنے کو تیار نہیں۔ ان آوارہ کتوں کو مارنا میونسپل کارپوریشن نے ہے لیکن اس کیلئے زہر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے فراہم کرنا ہوتا ہے جبکہ مرے ہوئے کتوں کو اٹھانا راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کام ہوگا۔ لیکن بدقسمتی سے نہ کوئی ادارہ زہر دے رہا ہے‘ نہ ہی کوئی کتے مارنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ٹیپو روڈ، آریہ محلہ، مسلم کالونی، خیابان، ڈھوک حسو، جامع مسجد روڈ، ڈھوک رتہ‘ کورال چوک‘ ڈھوک حیدری سمیت شہر کا کوئی ایسا حصہ نہیں جہاں آوارہ کتوں کی بھرمار نہ ہو۔ کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود انتظامیہ ایکشن لینے پر تیار نہیں۔ مسلم کالونی آریہ محلہ، رتہ امرال روڈ، طہماسپ آباد سمیت شہرو کینٹ کے دیگر حصوں میں قائم بعض جھگیاں آوارہ کتوں کی افزائش گاہ بن چکی ہیں جہاں ایک ایک جھگی میں مکینوں نے کئی کئی کتے پال رکھے ہیں جو ساری رات گلیوں میں آوارہ گھومتے رہتے ہیں اور آنے جانے والوں کو پریشان کرتے ہیں۔ شہریوں نے ضلعی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کتے مار مہم کے ذمہ دار محکموں کو آوارہ کتوں کیخلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایت جاری کی جائے۔