تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ لندن کے فلیٹ اسحاق ڈار کی وجہ سے بنے ،وہ اس کے سہولت کار ہیں،انہوں نے ہی فلیٹوں کے رقم باہر بھجوائی۔
۔
میڈیا سے گفتگو میںپی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اسحاق ڈار کی تحقیقات ریاست پاکستان کررہی ہے،لوٹ مار یہیں سے ہوئی اور پوری قوم اس کی مدعی ہے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ پاناما پیپرز تحریک انصاف نے نہیں بنائے،نوازشریف کا احتساب آج تک نہیں ہوا، ان کو تمام چیزوں کا حساب دینا ہوگا اور وہ لیا جارہا ہے ۔
شفقت محمود نے استفسار کیا کہ کیا پاناما پیپرزتحریک انصاف نے دیے تھے؟،کیا ہم نےآپ کے نام دیے تھے؟ ان کا مزید کہناتھاکہ آپ کے خلاف حدیبیہ پیپز کا کیس جس طرح بند کیا گیا وہ دنیا جانتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسحاق ڈار لوٹ مار میں معاون ہیں ،ایس ای سی پی کو ٹیمپرنگ پر مجبور کیا گیا،آپ کی انکوائری ریاست پاکستان کررہی ہے تحریک انصاف اور عوام مدعی ہیں ۔
شفقت محمود کا کہناتھاکہ حکمرانوں کے پاس پیش کرنے کے لیے کچھ نہیں ہےتو انہوں نے سوچا کہ سپریم کورٹ سے لڑائی کرو،میں پوچھتا ہوں کہ اسحاق ڈار آپ چارٹرڈ اکاونٹنٹ ہیں آپ کے بچے کیسے ارب پتی ہوگئے؟
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے اعترافی بیان میں ہر طرح کی تفصیل موجود ہے،برطانوی ادارے نے 1998ء میں اس سارے معاملے پر دستاویزی فلم بھی بنائی ۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہناتھاکہ عمران خان جس وقت آپ کے پاس آیا وہ اس وقت سیا ست میں نہیں تھا ،کپتان نے اقتدار میں آئے بغیر شوکت خانم اسپتال اور نمل یونیورسٹی بنائی،
اسحاق ڈار صاحب شرم کریں ،اس ملک میں محترمہ بے نظیر کے ساتھ کیاکیا نہیں کیا گیا ،مریم صاحبہ اس کیس کی فریق بھی ہیں ،اور نیلسن اور نیسکول کی بینی فشری بھی ہیں،ان سے تو اصل مالک کے بارے میں سوال بھی پوچھنے ہیں۔
پاناما پیپرز کا معاملہ شروع ہوا تو پوری فیملی نے جھوٹ بولا، اس وقت ایک کچھ کہہ رہاتھا تو دوسرا کچھ اور کہہ رہا تھا،یہ تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں کہ نواز شریف سے سوال جواب ہوئے تو جمہوریت کو خطرہ ہوگا،دراصل جمہوریت کو تو نہیں ہاں وزیراعظم کو خطرہ ضرور ہے۔