• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساہیوال، اے سی اور ڈی ایم ایس کا رات کو لیڈی ڈاکٹرزہاسٹل کا نازیبا دورہ

ساہیوال(نمائندہ جنگ) ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال کے سینئر ڈاکٹر غضنفر بخاری  اور متاثرہ لیڈی ڈاکٹرز نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈی ایم ایس ڈاکٹر اختر رضا اور اسسٹنٹ کمشنر ایوب بخاری بغیر پیشگی اطلاع اور اجازت گزشتہ رات ساڑھے 8 بجے اچانک لیڈی ڈاکٹرز کے ہاسٹل میں پہنچے اور انہیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دورہ قادرآباد کول پاورپراجیکٹ کی تقریب میں شرکت کے احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر غضنفر بخاری نے پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ظفرحسین تنویرکو مذکورہ افسروں کے اس غیر اخلاقی دورہ کی تحقیقات کیلئے تحریری شکایت بھجوادی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ افسروں کا یہ اقدام میڈیکل کے شعبہ کے اصولوں اور مروجہ قوانین کے سراسر منافی ہے۔انہوں نے مذکورہ افسروں کے خواتین کے کمرے میں بلااجازت داخل ہونے کے اس نازیبا اقدام پر ان کے خلاف عدالت میں انکوائری شروع کرانے کی استدعا کی ہے۔اے سی جی ایوب بخاری اور ڈاکٹر اختر رضا ڈی ایم ایس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لیڈی ڈاکٹرز نے اپنی مرضی سے ڈیوٹیاں لگوائی تھیں جس کے لئے انہوں نے تصاویر اور متعلقہ دستاویز خود فراہم کی تھیں ہم نے جب ڈاکٹروں کو دیکھنے کے لئے کہ کن کو ڈیوٹی پر لے کر جانا ہے  ہاسٹل کا دورہ کیا تھا وہاں وارڈن ڈیوٹی پر موجود نہ تھی جس پر ہم نے خود ہی وزٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ڈاکٹرز دانستہ طور پر ڈیوٹی پر نہیں گئیں کیونکہ چند روز قبل فرائض سے غفلت پر چند ینگ ڈاکٹرز کو معطل کیا گیا تھا جس پر انہوں نے احتجاجا  اپنے ساتھیوں کا بدلہ لینے کے لئے یہ سب کچھ کیا ہے ان کے الزامات حقائق کے بالکل برعکس ہیں۔ 

تازہ ترین