حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ہٹڑی تھانے کی حدود میں میانی کے جنگلات کے قریب یوٹرن پرتیزرفتاری کے باعث بہاولپور سے کراچی جانے والی تیزرفتار بس الٹ گئی،خاتون سمیت 8افراد ہلاک،2بچوں اور 4خواتین سمیت 28مسافرشدید زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع پر سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ، ایدھی رضاکاروں نے ہلاک وزخمی ہونے والوں کو سول اسپتال پہنچایا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، ہلاک ہونے والے 4 افراد اور 2زخمیوں کی شناخت نہ ہوسکی ۔تفصیلات کے مطابق ہٹڑی تھانے کی حدود میں میانی فاریسٹ کے قریب یوٹرن نزد چھلگری تھانہ پر منگل کی صبح پونے 7بجے بہاولپور سے کراچی جانے والی مسافر کوچ نمبرBYA-111تیزرفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائیوسیم احمد اور اخترولد اعظم خان، محمدشفیق ولد خلیل احمد کھوکھر،عبدالمجید ولد عبدالمالک،نامعلوم خاتون اور ایک نامعلوم شخص موقع پر ہلاک اور 30شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں میں عبداللہ ولد نوبت خان، اذان،جمیل احمدولد کالوخان،حبیب ولد محمدبخش، نعیم ولد سید بلوچ، الطاف ولد مرید، عبدالحفیظ ولد رشید،بشیر ولد محمدنواز،منیراحمدولد کریم بخش، حاکم علی ولد محمد حسن،راشد ولد نعمت ،آفتاب اور اس کابھائی ریاض ولد پہلوان ، عرفان ولد عبدالرزاق ،حنیف ولد نذرمحمد،محمدصابر ولد عبدالعزیز،اظہرولد جام بلوچ،قائم ولد یار محمدبلوچ،وزیرولد محمدمرید،محمداصغرولد محمدظفر،حمیرا زوجہ حبیب،نذیراں، زاہدہ پروین،نورمائی اور فیصل اور 4نامعلوم زخمیوں کو موٹروے پولیس،ہٹڑی پولیس،ایدھی رضاکاروں کی مدد سے سول اسپتال پہنچایا گیا، حادثے کی اطلاع پر سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکل اسٹاف کوطلب کرلیاگیا سول اسپتال لائے جانے والے زخمیوں میں 8سے زائد کی حالت تشویشناک ہے،موٹروے ترجمان نے میڈیاکے رابطے پر بتایاکہ حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا، موٹر وے پولیس نےامدادی کارروائیاں شروع کرکے ضلعی انتظامیہ اورحیدرآبادپولیس کو اطلاع دی اورایدھی رضاکاروں کوطلب کرلیا جن کی مدد سے ہلاک وزخمی ہونے والوں کو سول اسپتال منتقل کیاگیا ۔سول اسپتال انتظامیہ کاکہناہے کہ اسپتال میں خاتون سمیت ہلاک ہونے والے 6افراد کی لاشیں اور 30زخمیوں کو لایاگیاتھا، شدید زخمیوں کو فوری طورپر آئی سی یو میں منتقل کردیاگیاہے اورطبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔