• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم قوم کو بتائیں کون کیا سازش کررہا ہے،خورشید شاہ

Nawaz Sharif Unveil Enemies Of Democracy Says Khursheed Shah

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمااور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کٹھ پتلیوں کا کھیل اور سازش پانامہ سے بڑا معاملہ ہے اور اگر وزیر اعظم ملک و قوم اور جمہوریت سے مخلص ہیں تو اس سازش کو بے نقاب کریں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم نوازشریف نے سازش بے نقاب نہ کی تو سمجھا جائے گا کہ وزیراعظم پاناما کیس کو الجھانے کے لئے باتیں کررہے ہیں۔

ان کا مزید کہناتھاکہ حکومت اور اداروں میں بڑھتی ہوئی کشیدگی بہت بڑے نقصان کا پیش خیمہ بن سکتی ہے، اس لئے وزیر اعظم نواز شریف کو ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے جلد کوئی بہتر فیصلہ کر لینا چاہئے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارے اندرونی اور بیرونی حالات اس بات کی اجازت نہیں دیتے کہ ہم ملک کو تادیر کشیدہ صورت حال سے دوچار رکھیں، اس لئے بہتر ہوگا کہ وسیع تر ملکی مفاد میں وزیر اعظم وہ فیصلہ کریں جس سے جمہوریت، ملک اور قوم ان حالات سے سرخرو ہوکر آگے بڑھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ ان حالات سے نہ صرف ہماری معیشت متاثر ہورہی ہے بلکہ اندرون اور بیرون ملک ہماری ساکھ پر بھی حرف آرہاہے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیراعظم خود نشاندہی کر چکے ہیں کہ کٹھ پتلیوں کے کھیل کھیلے جا رہے ہیں اور ان کی حکومت کے خلاف سازش ہورہی ہے مگر انہوں نے اس سازش کی وضاحت نہیں کی جبکہ بطور وزیر اعظم ان پر یہ فرض ہے کہ وہ قوم کو بتائیں کہ کون کیا سازش کررہا ہے ۔

خورشید شاہ نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ حتمی فیصلہ آنے تک وزیر اعظم اقتدار سے الگ ہو جاتے اور پانامہ کیس میں ادارے آزادانہ اپنا کام کرتے، اداروں کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔

تازہ ترین