اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر، مہتاب حیدر )وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ترجمان نے پاکستان تحریک انصاف کے فواد چوہدری کی جانب سے ٹیلی ویژن پر گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں وزیر خزانہ کے بیٹوں کے کاروبار سے متعلق کیے گئے دعوئوں کو مستردکرتے ہوئے ان دعوئوں کو جھوٹ پر مبنی،غیر سنجیدہ اور غلط قرار دیا ہے ، وزیر خزانہ کے ترجمان کے مطابق فواد چوہدری نے وزیر خزانہ کے بیٹوں کے بارے میں یہ غلط دعوی ٰکیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 40منزلہ ایچ ڈی ایس ٹاور،وزیر خزانہ کے بیٹوں کی ملکیت ہے ، یہ دعویٰ حقیقت کے برخلاف ہے کیونکہ ایچ ڈی ایس ٹاور کے چند یونٹس جو کہ دفتری استعمال کے لیے ہیں کے علاوہ باقی تمام ٹاور فروخت شدہ ہے ،ٹاور کے تقریباً300خریداراور مالکان ہیں جن میں انفرادی مالکان ،کارپوریشنز،کمپنیاں اور ادارے شامل ہیں جن کی ملکیت کی تفصیلات حکومت دبئی کی رئیل سٹیٹ ریگولیٹری اتھارٹی ( آرای آراے ) کے پاس موجود ہیں ، اس لیے وزیر خزانہ کے بیٹوں پر پورے ٹاور کی ملکیت کا الزام من گھڑت ہے اور ایک بڑا جھوٹ ہے،ترجمان کے مطابق یہ واضح کیا جاتا ہے کہ وزیر خزانہ کے دو بیٹوں میں سے بڑے بیٹے علی ڈار خود مختار او ر شادی شدہ ہیں اور 14سال سے پراپرٹی کے کاروبار سے منسلک ہیں ، اسی طرح فواد چوہدری کا دوسرا دعوی ٰ جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ کے بیٹے کار رینٹل بزنس کے مالک ہیں مکمل غلط ہے ، دبئی میں عام طور پر کاررینٹل کےکاروبار میں لگژری کاروں کا مالکان اپنی کاریں رینٹل کمپنیوں کو رینٹ پر دیتے ہیں کیونکہ وہاں ان گاڑیوں کی بہت طلب ہے ،کوئی بھی شخص اپنی لگژری کاروں کو کسی بھی رینٹل کمپنی کے پاس رکھوا سکتا ہے کمپنیاں اس کو رینٹ کی فیس دیتی ہیں،حکومت دبئی کی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی رینٹ اے کار کمپنیوں اور کار مالکان کو عارضی ٹرانسفرکی اجازت دیتی ہے ، اور وزیر خزانہ کے بیٹوں کے ایچ ڈی ایس رینٹ اے کارکمپنی کو بھی ایسی سہولت حاصل ہے ،کمپنی کا مکمل آڈٹ ہوتا ہے اور یو اے ای کے قوانین کے مطابق اندراج ہے ، جو کاریں ایچ ڈی ایس اے کے زیر استعمال ہیں وہ کمپنی یا وزیر خزانہ کے بیٹوں کی ملکیت نہیں بلکہ صارفین کی ملکیت ہیں ، فواد چوہدری کا بیان غلط ہے ، وزیر خزانہ نے اسی طرح کے بیان پر عمران خان پربھی پانچ ارب روپے کے ہرجانہ کا دعویٰ کیا ہوا ہے، مستقبل میں فواد چوہدری کووزیر خزانہ کے بیٹوں پر الزامات سے پرہیز کرنا چاہئےبصورت دیگر اسی طرح ہرجانے کا کیس ان کے خلاف بھی کیا جائے گا۔