ملتان ( سٹاف رپورٹر) پی ایچ ایز کے ایک ارب 5 کروڑ روپے لاہور کے گریٹر اقبال پارک پر خرچ ہو گئے ایک پائی بھی واپس نہ مل سکی ،پی ایچ اے ملتان رواں مالی سال میں بھی فنڈز سے محروم رہے گی، صوبائی حکومت نے مالی سال 2015-16میں صوبہ بھر کی تمام پی ایچ ایز کے لئے گرین ڈویلپمنٹ فنڈز کے 70 کروڑ روپے مختص کئے جس میں پی ایچ اے ملتان کا حصہ 10 کروڑ روپے تھا لیکن تمام پی ایچ ایز سے فنڈز واپس منگوا کر لاہور کے گریٹر اقبال پارک پر خرچ کر دیئے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال میں پی ایچ اے ملتان کو کچھ بھی نہیں ملے گا ، نئے مالی سال میں پی ایچ اے میں کسی نئی سکیم کا اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی فنڈز دیئے جائیں گے ،صوبائی حکومت نے غیر ترقیاتی بجٹ میں بھی ملتان کا حصہ ختم کر دیا ہے، اس بارے پی ایچ حکام کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال 2017-18 میں گرین ڈویلپمنٹ فنڈز کی مد میں صوبہ بھرکی تمام پی ایچ ایز کے لیئے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جس میں پی ایچ اے ملتان کو 10 کروڑ روپے مل سکتے ہیں ۔