اسلام آباد (حنیف خالد) وفاقی وزیرخزانہ ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جاپان کی عالمی کانفرنس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ایک سو ارب ڈالر سے زیادہ کے نقصان کی تلافی کے لئے ساڑھےپانچ ارب ڈالر دینے کاوعدہ کیامگر آج تک50کروڑ ڈالر بھی نہیں ملے وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی پچاسویں سالگرہ اسلام آباد سمیت تمام ایشیائی ممالک میں شایان شان انداز میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ سینکڑوں بینکاروں نے اس تقریب میں شرکت کی ہال اور لابی کو سالگرہ کی مناسبت سے رنگ برنگے غباروں سے سجایا گیا۔
اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو 50 ویں سالگرہ کے موقعہ پر پیٹر میکالے کی کتاب ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں بینکاری کا مستقبل پیش کی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اے ڈی بی کی 50 ویں سالگرہ کی تختی کی نقاب کشائی ایشیائی بینک کے عہدیداروں کو ساتھ بلاکر کی۔ وزیر خزانہ نے اپنے کلیدی خطبے میں پاکستان کی قومی معیشت کا خاکہ پیش کیا اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کی امداد کے تعلقات پر لگی لپٹی رکھے بغیر تبصرے کئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے ہونے والے اربوں ڈالر کے ہمارے نقصان کی کچھ تلافی کیلئے 5 ارب سے زیادہ ڈالر دینے کا فیصلہ جاپان میں ترقی یافتہ ممالک نے کیا مگر 50 کروڑ ڈالر بھی پاکستان کو نہیں دیئے گئے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ تین چار سالوں میں ملکی معیشت نے ایک طویل سفر طے کیا ہے اور قومی معیشت غیر مستحکم مرحلے سے نکل کر استحکام اور اب ترقی کی منازل طے کر رہی ہے یہ ہماری حکومت کا ہدف ہے کہ پاکستان میں سات فیصد جی ڈی پی گروتھ ہو جو کہ مستقل بنیادوںپر ہو اور اس سے پوری قوم مستفید ہو۔