• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

3دن رہ گئے،نواز شریف فیصلہ کرلیں کسے وزیر اعظم بنانا ہے،شیخ رشید

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا کھیل اب ختم ہوچکا ہے، تین دن بعد سب کچھ ثابت ہوجائے گا۔  6سے 8ہفتوں میں نئے وزیر اعظم کا فیصلہ ہوگا۔تین دن رہ گئے، نواز شریف فیصلہ کرلیں کسے وزیر اعظم بنانا ہے۔

صرف مرکزی حکومت تحلیل کرنا ہمیں قبول نہیں ہوگا۔ آئندہ کی سیاسی صورت حال میں پیرا پگارا اور ایم کیو ایم (پاکستان) کا کردار انتہائی کلیدی ہوگا۔ نیب قوانین کو سندھ میں اپنے مفاد کیلئے ڈھالا جارہا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔ وہجمعہ کو کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کی ہدایت پر پی ایس 114 کی الیکشن مہم کے لیے یہاں آیا ہوں۔

سب کو دعوت دیتا ہوں آئیں مل کر پی ایس 114 کی الیکشن کی کمپین چلاتے ہیں یہ جمہوریت کا حسن ہے۔ مجھے پوری امید ہے کہ اس حلقے سے عمران خان کا امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے پاس حکومت کرنےکاجواز نہیں رہا ہے۔ وزیراعظم نے2تہائی اکثریت آنے کے بعد خود اپنے پیر پر کلہاڑی ماری ہے۔ جی آئی ٹی اور عمران خان کا فیصلہ آنے والا ہے دونوں میں عمران خان کی فتح ہوگی۔ عوامی مسلم لیگ آخری حد تک عمران خان کا ساتھ دے گی۔

مریم نواز شریف منروا کمپنی کی بینفشری اونر ہیں یا نہیں اس کا فیصلہ 10جولائی کو ہوجائے گا اورسب کچھ ثابت ہوجائے گا۔نئے انتخابات کے لیے اس وقت تک نہیں جائیں گے جب تک مرکز کے ساتھ صوبائی اسمبلیاں بھی تحلیل نہیں کی جاتیں۔انہوںنے کہا کہ کسی نے نواز شریف کے خلاف کوئی سازش نہیں کی ہے۔نواز شریف نے ہمیشہ خود اپنے خلاف سازش کی ہے۔نواز شریف اپنے پائوں پر کلہاڑی خود مارتے ہیں۔ آج نواز شریف کے ساتھ کوئی بھی نہیں ہے۔اسفندیار ولی خان اور مولانا فضل الرحمن بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں میں نواز شریف کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔

ایٹمی دھماکے گوہر ایوب،راجہ ظفرالحق اور میں نے کرائے تھے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ شریف خاندان کی تلاشی کرانے کا کریڈٹ عمران خان کو جاتا ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ سندھ حکومت نیب کو ختم کرکے کرپٹ لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا چاہتی ہے۔قبل ازیںپاکستان تحریک انصاف کے اتحادی عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 9جولائی کا دن کراچی کے مستقبل کے فیصلے کا دن ہے۔ PS114کے ضمنی انتخاب پر پورے پاکستان کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ اس وقت ملک پر قابض حکمران ٹولہ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ خواہ وہ مسلم لیگ ن ہو یا پیپلز پارٹی کا زرداری گروپ۔ میں حلقے کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے چوروں اور لٹیروں کے بجائے ایماندار اور دیانت دار تحریک انصاف کے نامزد امیدوار انجینئر نجیب ہارون کو ووٹ دیں ۔

یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف کی انتخابی مہم کے سلسلے میں PS114کے علاقے محمود آباد کے مقام پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر ریلی سے تحریک انصاف کے امیدوار انجینئر نجیب ہارون ، حلیم عادل شیخ ، سردار عبد العزیز، دوا خان صابر، جمال صدیقی ، سیف الرحمان خان، ملک شہزاد اعوان، سبحان علی ساحل، بلال غفاراور حافظ فضل کریم نے بھی خطاب کیا ۔ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ حکمران ٹولہ نہ اس ملک سے مخلص ہے اور نہ عوام سے مخلص ہے۔ پاناما لیکس میںن لیگ کی پسی ہوئی قیادت کا مستقبل اڈیالہ جیل ہے۔ حکمران کچھ بھی کرلیں ان کا یوم احتساب آچکا ہے۔

میں اس حلقے میں رہنے والے تمام مظلوم قومیتوں سے اپیل کرتاہوں کہ انجینئر نجیب ہارون جیسا امیدوار کوئی بھی نہیں ہے۔ میں اردو بولنے والوں سے بھی کہتا ہوں کہ انجینئر نجیب ہارون آپ میں سے ہے۔ آپ ذہین قوم ہیں9جولائی کے دن سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں اگر آپ کی کچھ مجبوریاں ہیں تو الیکشن کے دن چپ چاپ پولنگ کے دن بلے پر مہر لگا کر کراچی کو تباہ و برباد کرنے والوں کے تابوت پر کیل ٹھوک دیں ۔

تازہ ترین