لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاناما اسکینڈل میں اگر نوازشریف اور ان کے خاندان کو سزا مل گئی تو پاکستان کرپشن فری ہوجائے گا۔ پاکستان میں قانون اور احتساب صرف غریب عوام کے لئے ہے لیکن پاناما کیس نے ملک کے وزیراعظم کو کٹہرے میں کھڑا کرکے اس بات کو غلط ثابت کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی سزا تک ادھوری کہانی رہے گی اور اگر نوازشریف اور ان کے خاندان کو پاناما کیس میں سزا ہوگئی تو پاکستان کرپشن فری ہوجائے گا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب اس ملک میں کبھی مارشل لاء نہیں آئے گا ۔ جو لوگ مارشل لاء لگنے سے ڈرا رہے ہیں ، وہ احتساب سے بچنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔ اب آمریت کا نہیں جمہوریت کا زمانہ ہے ۔ عوام غیر جمہوری قوتوں کا ساتھ دیں گے اور نہ انہیں برداشت کریں گے ۔
وزیراعظم اور ان کے خاندان کے افراد بار بار سازشوں کا ذکر کرتے ہیں ، مگر یہ بتانے کو تیار نہیں کہ سازشیں کر کون رہاہے ۔ وزیراعظم قوم سے پتا نہیں کون کون سے راز چھپاتے ہیں ۔ پانامہ سکینڈل کو منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے ۔ پانامہ سکینڈل کی کہانی وزیراعظم سے شروع ہوئی ہے اور سکینڈل کے دیگر 450 کرداروں تک پہنچے بغیر ختم نہیں ہوگی ۔ کرپٹ ٹولہ اپنی کرپشن کو چھپانے کے لیے پارٹیاں بد ل رہاہے ۔ سیاسی جماعتوں کو انہیں اپنی صفوں میں گھسنے کا موقع نہیں دینا چاہیے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے پہلے دن اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم کے ہمرا ہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔