امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے خبر دار کیا ہے کہ بعض لوگ چاہتے ہیں کہ اسلام آباد میں پھر سے چوہے اور بلی کا کھیل شرو ع ہو جائے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق کا کہناتھاکہ ملک میں احتساب چاہتے ہیں، جمہوریت ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے، جے آئی ٹی رپورٹ بند لفافوں میں نہیں عوام کے سامنے ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاناما اسکینڈل میں جو لوگ ملوث ہیں، اگر ان کا احتساب نہیں ہوا تو عوام کی عدالت میں جائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہناتھاکہ جب تک جھوٹ اور سود کا نظام قائم ہے تب تک پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، مخصوص خاندانوں نےسیاست اوروسائل کویرغمال بنالیاہے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب سب کا اور آئین کے مطابق شفاف ہونا چاہیے،اگر ابھی احتساب نہیں ہوا تو پھر کبھی نہیں ہوگا ۔
سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ اردو کو سرکاری اور رابطے کی زبان بنایا جائے ۔