• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک کی وجہ سے گلگت بلتستان کیلئے سنہری دور شروع ہونے والا ہے، سردار مسعود

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں اور عوام گلگت بلتستان کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں اور ان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ سی پیک کی وجہ سے گلگت بلتستان کے لیے سنہری دور شروع ہونے والا ہے ۔ آئند چند برسوں میں گلگت بلتستان میں شاندار ترقی ہو گی ۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان کے سیاستدانوں اور عوام کو اپنے معاشی مفادات کا پہرہ دینا ہوگا اور منصوبہ بندی کرنا ہو گی ۔ یہ خطہ پاکستان اور چین کے لیے معاشی اور دفاعی لحاظ سے یکساں اہمیت اختیار کر گیا ہے ۔ شونٹھرٹنل کے ذریعے استور نیلم روٹ سی پیک کا بہترین متبادل راستہ بن سکتا ہے ۔ حکومت آزاد کشمیر اس راستے کو سی پیک کا حصہ بنانے کی تجویز دے چکی ہے ۔ سی پیک منصوبے کا ایک روٹ پر انحصار نہیں ہونا چاہیے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان ازلی و ابدی تار یخی رشتے ہیں۔ دونوں خطوں کے لوگوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے سیکڑوں طلباء آزاد کشمیر کی جامعات اور میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں استور سپریم کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جس کی قیادت ڈاکٹر غلام عباس کر رہے تھے ۔ وفد میں محمد حسین، محمد شفاء ۔ جواد حسین ، محمد عفایت ، انجینئر وقار ، کیپٹن (ر) ریاض ، عنصر حنیف ، شمس لون ، الطاف خان ، ابرار استوری اور عالم نور حیدر شامل تھے ۔ قبل ازیں وفد کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ صدر آزاد کشمیر اپنا خصوصی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے شونٹھر ٹینل کے ذریعے استور نیلم مختصر روٹ کو سی پیک کا حصہ بنوائیں جس سے نہ صرف آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان رابطے بڑھیں گے بلکہ سی پیک کے لیے مختصر اور متبادل روٹ بھی میسر آ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس روٹ کے ذریعے گلگت بلتستان کا اسلا م آباد تک کا سفر 24گھنٹوں سے کم ہو کر 8 سے 10 گھنٹوں پر محیط ہو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں گلگت بلتستان بھی ایک متنازعہ علاقہ ہے ۔ اس لیے آزاد کشمیر کی طرز پر وہاں بھی سٹیٹ سبجیکٹ رول پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی کونسلوں کو ضم کر کے مشترکہ کونسل تشکیل دی جائے تاکہ اس فورم سے مشترکہ مفادات کی نگرانی ہو سکے ۔ ڈاکٹر غلام عباس نے کہا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کی بڑی تعداد بیرون ملک برسر روزگار ہیں ۔ اس لیے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو بیرون ملک بھجوانے کے لیے کوئی ادارہ قائم ہونا چاہیے ۔ اس سلسلے میں حکومت آزاد کشمیر ہماری معاونت کرے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز میں گلگت بلتستان کے طلباء کے لیے کوٹہ بڑھایا جائے اور آزاد کشمیر کے بیرون ملک جانے والے وفود میں گلگت بلتستان کے سیاسی نمائندوں اور صحافیوں کو بھی شامل کیا جائے ۔دریں اثنا صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے قائم مقام وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق اور اور وزیر خزانہ منصوبہ بندی ترقیات اور صحت عامہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی کی ملاقات ، مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم آزاد کشمیر کے کنٹرول لائن سے ملحقہ دیہات کی شہری آبادیوں پر بلا اشتعال بھارتی گولہ باری اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر کی سفارتی کوششوں آزاد کشمیر کے مجموعی سیاسی حالات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے برہان وانی کی پہلی برسی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کے کرفیو ، گرفتاریوں اور مظاہرین پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج تمام بین الاقوامی اصولوں اور قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ تحریک آزادی کا حصہ بن چکا ہے ۔ بھارت نواز سیاستدان بھی اب بھارتی بربریت پر بول اٹھے ہیں جس کی وجہ سے قابض فوج ہیجان کی کیفیت میں مبتلا ہو کر آزادکشمیر کے کنٹرول لائن سے ملحقہ دیہات کی شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے بھارتی گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر متاثرین کی بھرپور مدد کرے اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہ کیا جائے ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سفارتی سطح پر ہماری کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حید اسلامی تعان تنظیم کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے بیرون ملک ہیں اور میں بھی تین یورپی ملکوں کا کل سے دورہ کر رہا ہوں جس میں انسانی حقوق کی تنظیموں ، بیلجیئم سپین ، اور جرمنی کے ارکان پارلیمنٹ سے ملوں گا اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے آزاد کشمیر کا جو رہنما بھی جدوجہد کرے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ کسی پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے ۔ کیونکہ ہم سب کا مشترکہ کاز ہے ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ آزاد کشمیر کے تمام سیاسی رہنما اور سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر متفق اور متحد ہیں۔ اس موقع پر قائمقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق اور وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی نے صدر آزاد کشمیر کی کوششوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مسئلہ کشمیر جلد حل ہو گا اور ہماری سفارتی کوششیں کامیاب ہوں گی ۔
تازہ ترین