راولپنڈی(نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مجھے شک ہے کہ ن لیگ کل تک جے آئی ٹی کے خلاف سپریم کورٹ جائے گی ۔چار حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس دراصل چار چیخیں ہیں۔ لال حویلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےشیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی بنتے وقت ن لیگ نے کوئی پٹیشن دائر نہیں کی جے آئی ٹی کو برا بھلا کہنے والوں کیخلاف سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہیے، حکومتی وزراء کی جانب سے فون ٹیپ کرنے والی بات بے بنیاد ہے اگر فون ٹیپ ہوئے ہیں تو اس کا ریکارڈ بھی سامنے آ سکتا ہے، اب تو یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ چیئرمین ایس ای سی پی بھی ٹیمپرنگ میں پائے گئےانہوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ پی ٹی آئی میں ضم نہیں ہو رہی وہ راولپنڈی کے حلقہ 56 سے الیکشن لڑنے کے فیصلے پر قائم ہیں مگراس حوالے سے عمران خان کی رائے کا احترام کرینگے۔