اسلام آباد / کراچی (نمائندہ جنگ ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ثبوت بھی یہی سے نکلے گا اور تابوت بھی یہی سے نکلے گا۔ وہ پیر کو سپریم کورٹ کے باہر گفتگو کررہے تھے جبکہ ٹوٹئر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نےکہا کہ اب قربانی نہیں صدقہ ہوگا ۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکمران فوج اور عدلیہ سے ٹکرانا چاہتے ہیں کیونکہ ان کی چوری ثابت ہو گئی ہے اور اب سامان برآمد ہونا باقی ہے ۔ عدالت عظمی کیخلاف غیر پارلیمانی الفاظ استعمال ہو رہے ہیں چیف جسٹس فوری نوٹس لیں ۔
شیخ رشید نےکہا ہے کہ پانامہ کیس حکومت کا نہیں بلکہ شریف خاندان کا ہے لیکن پھر بھی بعض لوگ عدالت عظمیٰ کیخلاف غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کر رہے ہیں ۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایس ای سی پی کے ڈائریکٹر ظفر حجازی پر ٹمپرنگ ثابت ہو گئی ہے اور میڈیا میں چیزیں ہیں کہ مریم نواز بھی بینیفشری ثابت ہو چکی ہیں اور جاوید کیانی بھی بیان دے چکے ہیں اب باقی پیچھے کچھ نہیں رہا ہے ۔