راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو قتل کیس میں پانچوں گرفتار ملزمان سمیت ساتوں ملزمان نے اپنے بیانات عدالت کو فراہم کر دیئے 21اگست سے مقدمہ کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوا کرے گی، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج محمد اصغر خان نے ساڑھے نو برس سے زائد پرانے اس کیس کی گزشتہ روز سماعت شروع کی تو پانچوں گرفتار ملزمان شیر زمان، اعتزاز شاہ، رشید احمد، حسنین گل اور رفاقت حسین کے علاوہ ضمانت پر رہا سابق سی پی او سعود عزیز اور ایس پی خرم شہزاد کی طرف سے دفعہ 342کے تحت عدالت میں بیان جمع کروائے گئے جس کے بعد عدالت نے سرکاری پراسیکیوٹرز کو حکم دیا کہ آپ ان بیانات پر جلد ازجلد اپنی بحث مکمل کرلیں تو سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں تیاری کیلئے مناسب وقت دیا جائے عدالت نے گرمیوں کی تعطیلات اور سرکاری وکیل کی استدعا پر سماعت 21اگست تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اب آئندہ تاریخ سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوا کرے گی۔