اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے جے آئی ٹی کی طرف سے سپریم کورٹ میں رپورٹ پیش کرنے پر اراکین کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے دلیرانہ اقدام قرار دیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عوام کی نظر میں اداروں کا وقار خاک میں ملا دیا تھا ، جے آئی ٹی کے اراکین نے ایماندارانہ تحقیق سے اداروں کا وقار بحال کیا۔ جے آئی ٹی کے اراکین نے جھکنے یا بکنے کی بجائے میرٹ کو ترجیح دی ، یہ قوم کیلئے تبدیلی کی نوید ہے۔ پرویز مشرف نے کہا کہ جے آئی ٹی کے اراکین نے ثابت کیا کہ پاکستان میں بھی طاقتور کا احتساب کیا جا سکتا ہے۔ انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ امید ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ بھی عوام کے حق میں فیصلہ سنائے گی۔ منتقم المزاج شریف خاندان جے آئی ٹی کے اراکین کو انتقام کا نشانہ بنا سکتا ہے۔ جے آئی ٹی کے اراکین کو شریف خاندان کے انتقام کا نشانہ نہیں بننے دیا جانا چاہئے۔ پرویز مشرف نے مطالبہ کیا کہ عدالت عظمیٰ جے آئی ٹی اراکین کے تحفظ کے لئے خصوصی احکامات جاری کرے۔