• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن خودکش دھماکے کا مقدمہ درج،جائے وقوعہ سیل، تفتیشی ٹیم تشکیل

چمن(نمائندہ جنگ) چمن خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، جائے وقوعہ سیل رکھنے کے علاوہ تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور خود کش حملہ آورکے اعضا ڈی این اےکیلئےبھجوادیے گئے ہیں، آئی جی ایف سی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوںکا سراغ لگا کر انہیں نشان عبرت بنائینگے۔تفصیلات کے مطابق پیر کو چمن کے بوغرا روڈ پر لیویز لائن کے قریب ایس ایس پی ساجد خان مہمند کی گاڑی پر خود کش حملے کا مقدمہ چمن کے سٹی پولیس تھانہ میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیشی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم نے منگل کو دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی کرنل عثمان ڈپٹی کمشنر قیصر خان ناصر اور دیگر تفتیشی حکام نے تحقیقات سے متعلق آئی جی کو آگاہ کیا، آئی جی ایف سی نے اس موقع پر دہشت گرد کارروائی کی مذمت کی اور سیکورٹی حکام سے کہا کہ دہشت گردوں کا سراغ لگانے کےلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائےاور دہشت گردوں کو نشان عبرت بنایا جائے ۔درایں اثنا دھماکے کے بعد سے کرائم سین سیل ہے جہاں تحقیقاتی ٹیمیں شواہد اکھٹے کرنے میں مصروف ہیں، تحقیقات اور کرائم سین کے سیل ہونے کی وجہ سے ملحقہ سڑکیں آمدورفت کےلئے بند ہیں۔ ادھر سول اسپتال چمن میں موجود خود کش حملہ آور کے سر اور جسم کے دیگر حصوں کوڈی این اے کےلئے بھجوا دیا گیا ہے۔

تازہ ترین