شیخوپورہ(نمائندہ جنگ ) ضلع کونسل شیخوپورہ میں مسلم لیگ ن کے44چیئرمینوں نے چیئرمین ضلع کونسل کیخلاف ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ 44چیئرمینوں کی یونین کونسلوں کو سیاسی رنجش کی بناپر ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہاران چیئرمینوں کے ترجمان سردارظہورالحق نے بجٹ اجلاس ضلع کونسل کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر حزب اختلاف کے ان چیئرمینوں نے کہاکہ وہ شیر کے نشان پر کامیاب ہوکرممبر ضلع کونسل بنے ہیں ہمارے لیڈر نواز شریف اور شہباز شریف ہیں جنہوں نے چیئرمین ضلع کونسل کے الیکشن کو اوپن کردیا تھا اور ہم نے اپنے پسند کے امیدوار کو ووٹ دیے تھے جس کی ہمیں سزا دی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہم مجبوراً مسلم لیگ ن چھوڑ کر کسی اور جماعت میں جا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں ہماری آواز نہیں سنی گئی کروڑوں روپے کے فنڈز ضلع کونسل کی تزئیں و آرائش پر خرچ کیے گئے ہیں مگر عملاً کوئی کام نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ چیئرمین ضلع کونسل میں مخصوص ٹھیکیدا ر رکھا ہوا جس کے ذریعے بوگس بل بنا کر پے منٹ لی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ صرف تحصیل مریدکے میں فنڈز لگائے جارہے ہیں جبکہ پورا ضلع کو ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل کے بجٹ اجلاس کو مسترد کرتے ہیں او روزیراعلیٰ سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ضلع کونسل میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں کی تحقیقات کروائیں ، ضلع کونسل چیئرمین گروپ کے ذرائع نے 44چیئرمینوں کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی تصدیق نہ کی ہے۔