شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر سیم نالہ لاہور روڈ میں بننے والی دیواریں کئی مقامات پر چند ہفتوں کے بعدزمین بوس ہوجانے کے خلاف سینکڑوں شہری سراپا احتجاج بن گئے، جنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سیم نالہ کی دیواریں پختہ کرنے میں ہونے والی کروڑوں روپے کی خردبرد کی تحقیقات نیب کے سپرد کی جائیں،شہر کی آبادیوں ہاؤسنگ کالونی گلبرگ منیر پارک رحمان پورہ اور دیگر بستیوں کے مکینوں نے سیم نالہ کی پختہ دیوار کی تعمیرمیں ہونے والی بد عنوانیوں کے خلاف لاہور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، سماجی کارکن شیخ فیاض احمد نے بتایا کہ ہر سال مون سون میں سیم نالہ میں طغیانی آجانے کے باعث ہاؤسنگ کالونی اور دیگر بستیوں میں پانی داخل ہوجاتا تھا جسکا پچھلے سال وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیا اور سیم نالہ کی دونوں جانب پختہ دیواریں بنانے کی ہدایت جاری کیں، جسکی تعمیر کاکام چند ہفتے قبل مکمل ہوا تھا یہ دیوار محکمہ آبپاشی کے شعبہ رچنا ڈرینج کے زیر انتظام بنائی گئی تھی مگر اس میں ناقص مٹیریل استعمال کئے جانے کے باعث یہ دیوار کئی جگہوں سے گر گئی ہے اور مون سون بارشوں کے دوران سیم نالہ میں طغیانی آنے کے باعث ہاؤسنگ کالونی اور دیگر بستیاں زیر آب آنے کا خدشہ ہے، محکمہ رچناڈرینج کے ذرائع نے باقص مٹیریل کے استعمال کی تصدیق نہ کی ہے۔