بہاولپور(سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی بہاول پور میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 372کامیاب طلبا میں مفت لیپ ٹاپ تقسیم کر دیئے گئے۔اس سلسلہ میں پرنسپل محمد اکرم فانی کی زیر صدارت ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ایم پی اے قاضی عدنان فرید نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ مہمانان اعزاز میں ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سید افتخار حسین شاہ اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے ریجنل کوآرڈینیٹر پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم سید قائم علی شاہ نے شرکت کی۔ ایم پی اے قاضی عدنان فرید اور دیگر مہمانان نے خطاب میں کامیاب طلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کی افادیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ حکومت کی لیپ ٹاپ سکیم نے طلبا کو تعلیمی سرگرمیوں کی طرف راغب کیا ہے اور بلاشبہ یہ وزیر اعظم کا شاندار اقدام ہے۔