ملتان (سٹاف رپورٹر،نمائندگان)ملتان سمیت کئی شہروں میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے،بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا،چھتیں اور دیواریں گرنے سے7افراد زخمی ہو گئے،تفصیلا ت کے مطابق ملتان شہر و نواح میںگزشتہ روز شدید گرمی رہی، سہ پہر کے وقت موسم نے انگڑائی لی اور طوفانی آندھی چلی جس کی رفتار80 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، تیز آندھی نے فضا کو گرد آلود کر دیا ۔طوفانی آندھی کے بعد بارش نے ملتان شہر میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی ، سڑکوں گلیوں میں پانی کھڑا ہو گیا ۔ سڑکوں پر کئی فٹ تک پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیاں ، موٹر سائیکل بند ہو گئے ، معلوم ہوا ہے کہ گلگشت کالونی ، زکریا ٹاؤن ، گلشن مہر کالونی ، سبزہ زار کالونی ، شالیمار کالونی ، زکریا یونیورسٹی میں 9ملی میٹر تک بارش نوٹ گئی ۔ ملتان ائیر پورٹ پر 4ملی میٹر بارش ہوئی۔ ،حضوری باغ روڈ ، گھنٹہ گھر چوک ، حسین آگاہی ، دولت گیٹ ، پرانا خانیوال اڈا، خیام سنیما روڈ ، چونگی نمبر 14 ، ممتاز آباد ، وہاڑی چوک ، جنرل بس سٹینڈ ، شاہ رکن عالم کالونی ، نیو ملتان ، سمیجہ آباد ، پیراں غائب روڈ ،نواں شہر چوک ، ڈیرہ اڈا، عزیزہوٹل ، ڈبل پھاٹک چوک ، شاہین مارکیٹ لوہا مارکیٹ ، کچہری چوک ، کوٹلہ تولے خان ، نواب پورروڈ ، حرم گیٹ ، پاک گیٹ ، دہلی گیٹ میں موسلادھار بارش ہوئی ،جس کی وجہ سے سڑکوں ، گلیوں میں بارش اور سیوریج پانی جمع ہوگیاہے جس کی وجہ سے شہریوں کا شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔گلشن مارکیٹ میں گھر کی چھت گرنے سے 40سالہ طاہر ولد اسلام دین زخمی ہوگیا ، جبکہ ڈنڈے والی پل بدھلہ روڈ ملتان پر بارش کے باعث مکان کی چھت گرنےسے 11سالہ سجاد ولد محمد اکرم زخمی ہوگیا ریسکیو ٹیموں نےنشتر ہسپتال منتقل کردیا۔ معلوم ہوا ہے کہ واسا کا فیلڈ سٹاف بارش ہوتے ہی سرگرم ہو گیا اور نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملتان ونواح میں آج بھی بارش کا امکان ہے ۔ ملتان شہر میں منگل کی سہ پہر تیز آندھی اور بارش کےباعث بجلی کی فراہمی کا نظام بری طرح سے متاثر ہوا۔ فیڈرز کی بڑی تعداد ٹرپ ہونے سے شہر کےمختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔قبل ازیں گزشتہ روز ملتان کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔رحیم یارخان ،کوٹ ادو ،جتوئی،ٹھینگی،سکندر آباد،شہرسلطان ،وہاڑی ،خانیوال ،لیہ، عمرکوٹ ،پیرووال،ٹبہ سلطان پور ،مخدوم رشید،جہانیاں میں دن بھر شدید گرمی اور حبس زدہ موسم نے اچانک انگڑائی لی اورآسمان پر بادل چھاگئے جس کے کچھ ہی دیر بعد موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا،دیہی علاقوں میں تیز آندھی سے متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے،کئی علاقوں میں دیواریں گرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔جہانیاںشہر اور گردونواح میں تیز آندھی کی وجہ سے تمام فیڈر ٹرپ کر گئے۔بجلی کے متعدد پول گر گئے،بستی بلوچاں،زور کوٹ کے علاقوں میں مکانوں کی دیواریں گرنے سے دو خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ مخدوم رشید میں دربار مخدوم عبدالرشید حقانی میں سیوریج سسٹم نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی دربار کے صحن میں جمع ہوگیا ہے،جس کی وجہ سے کئی قبریں منہدم ہوگئیں۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان ژوب، سبی، نصیرآباد، قلات، مکران ڈویژن ،سندھ،بالائی پنجاب، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔بارشوں کے باعث مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہرکیاگیاہے۔علاوہ ازیں دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اورپانی کی آمد ایک لاکھ سولہ ہزار نو سو چونتیس کیوسک ہوگئی، محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب اور دریائے جموں توی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے تاہم دونوں دریائوں کے علاوہ دریائے مناور توی ، برساتی نالوں ایک ، ڈیک اور پلکھو نارمل بہہ رہے ہیں اور سیلاب سے نمپٹنے کے انتظامات مکمل ہیں ۔