ملتان (سٹاف رپورٹر)ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں آج سے بارشوں کا آغاز ہو گا۔ محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقوں میں رواں ہفتے اور آئندہ ہفتے میں مون سون بارشیں ہوں گی ، بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہو گا ، اور یہ سلسلہ آئندہ ہفتے تک جاری رہے گا ، دوسری طرف جنوبی پنجاب کےمختلف علاقوں میں بجلی کی غیرا علانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، فیڈرز کی بحالی، ٹرانسفارمرز کی بحالی وتنصیب کے کے نام پر گھنٹوں بجلی بند رکھی جاتی ہے،میرہزار خان میں طوفانی آندھی اور دھواں دھار بارش نے موسم خوشگوار کر دیا ، آندھی آتے ہی بجلی غائب ہو گئی ، جس سے پانی کی قلت ہو گئی ۔دوسری طرف گلیوں اور بازاروں اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ۔عبدالحکیم اور نواح میں شدید آندھی اوطوفان سے متعدد چھتیں اور دیوریں گر گئیں، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ،دس گھنٹے تک بجلی بندش اور شدید حبس سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔دائرہ دین پناہ کے نواحی چک116/ML کا 45 سالہ چوہدری شوکت ارائیں اپنے کھیت میں کام کر رہا تھاکہ آسمانی بجلی گرنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سندھ، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی توقع ہے۔موسلادھار بارش کے باعث دریائوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔