ملتان (سٹاف رپورٹر) سنٹرل جیل ملتان میں خاتون کے قاتل طارق اقبال عرف طارق ولد سردار علی کو پھانسی دے دی گئی۔ مخدوم رشید بوٹے والا کا رہائشی دودھ فروش طارق اقبال نے تقریباً 13سال قبل 16اکتوبر 2004ء کو تھانہ نیو ملتان کے علاقے میں ایک خاتون اختر بی بی زوجہ محمد اشرف کوڈکیتی کی واردات کےدوران چھریوں کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ جس پر اس کےخلاف تھانہ نیوملتان میں مقدمہ نمبر 774/4 درج کیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج ملتان شاہد نصیر نے انہیں 26 جنوری 2006ء کو سزائے موت دی تھی۔ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے مجرم کی سزائے موت بحال رکھی ۔ بعد ازاں مجرم کی رحم کی اپیل بھی خارج کردی گئی۔ قبل ازیں مدعی پارٹی سے صلح کےلئے بہت کوششیں کی گئیں جو ناکام ہوگئیں۔ لاش طارق اقبال کےبھائی مشتاق نے وصول کی۔ مخدوم رشید کےعلاقہ بوٹے والا کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔