ملتان( سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں عملے کے مبینہ تشدد سے قیدی جاں بحق ہو گیا،معلوم ہوا ہے کہ 35سالہ عبدالرحیم بیرک نمبر 10 میں قید تھا،گزشتہ شام ہفتہ نہ دینے پر قیدی کا وارڈن اشرف اور ارشد سے جھگڑا ہوا، جس پر چیف چکر اسلم گرمانی اور وارڈنز نے ڈنڈوں سے قیدی پر شدید تشددکیا، تشدد کے بعد رات کو اسے زخمی حالت میں چکی میں بند کر دیا گیا جیل عملہ نے صبح چکی میں جا کر چیک کیا تو قیدی مرا ہوا تھا،قیدی کے مرنے کی اطلاع پر جیل کے دیگر قیدیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور ڈسٹرکٹ جیل کے قیدیوں نے ہڑتال کر دی اور نعرے بازی کی، ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ نے معاملہ دبانے کی کوشش کی ،معلوم ہوا ہے کہ عبدالرحیم منشیات کے مقدمہ میں قید تھا، جبکہ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل آصف عظیم کے مطابق قیدی ذہنی مریض تھا، ہارٹ اٹیک کے باعث جاں بحق ہوا ہے، لاش پوسٹ مارٹم کے لئے نشتر منتقل کر دی گئی ہے،پولیس کے مطابق اصل حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئیں گے،جبکہ ورثاء نے بھی جیل انتظامیہ پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کئے ہیں۔