کراچی(اسٹاف رپورٹر) لندن میں ہونے والے ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کار کردگی کے باوجود پی ایچ ایف کے حکام اور ٹیم انتظامیہ کا دعوی تھا کہ قومی ٹیم نے اگلے سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ ہاکی ٹور نامنٹ میں رسائی حاصل کر لی ہے، تاہم میڈیا کا اصرار تھا کہ قومی ٹیم کی پوزیشن اگلے ورلڈ کپ کے حوالے سے غیر واضح ہے،تاہم جمعرات کو حیرت انگیز طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتطامیہ کو فارغ کر کے اپنے ہی دعوے کی نفی کردی،ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستان کامیابی کے جھنڈے نہ گاڑ سکا پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آپریشن کلین اپ کرتے ہوئےٹیم مینیجمنٹ، سلیکشن کمیٹی کی چھٹی کر دی ،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگڈئیر(ر) خالد کھوکھر نے قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ میں بھی تبدیلی کردی، قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سینٹر فاروڈ حسن سردار کو پی ایچ ایف کا نیا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا،اس سے قبل رشید جونئیر چیف سلیکٹر تھے، دل چسپ بات یہ ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی میں شامل سلیکٹر فر حت خان کو قومی ہاکی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ اور منیجر مقرر کیا گیا ہے، ان کے ساتھ ملک محمد شفقت اور محمد سرور کو کوچ مقرر کیا گیا ہے، قومی ٹیم کی انتظامیہ سے منیجر حنیف خان، ہیڈ کوچ خواجہ جنید کو ان کی ذمے داری سے فارغ کردیا گیا ہے، نئی ٹیم انتظامیہ کو دسمبر تک ذمے داری دی گئی ہے،قومی سلیکشن کمیٹی میں حسن سردار کے ساتھ ایاز محمود اور مصدق حسین کو رکھا گیا ہے۔