اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نوازشریف پہلے استعفیٰ دے دیتے تو ان کاپوراخاندان نہ پھنستا، ابھی تو سیاسی کیس ہے،فوجداری کیس بھی بنے گا، ڈٹ جانے کا مشورے دینے والوں نے وزیر اعظم کو پھنسوا دیا، حدیبیہ کیس کھلا تو میرے دوست شہباز شریف بھی گھیرے میں آجائیں گے،جو فیصلہ ہونا ہے 2017 میں ہی ہونا ہے،2018 میں ہمیں ہرانے کی باتیں بھول جائو گے۔
جمعرات کو پاناما پیپرز عملدرآمد کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف نے جمہوریت کونقصان پہنچایا، اپنے خاندان کو تباہ کیا، نواز شریف پہلے استعفیٰ دیتے تو یہ سب نہ پھنستے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے فیصلہ قریب آرہا ہے دستاویز نکلنا شروع ہوگئی ہیں، حدیبیہ کیس کھلا تو میرے دوست شہباز شریف بھی گھیرے میں آجائیں گے۔