اسلام آباد(نمائندہ جنگ) اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف مقدمہ کرپشن کا نہیں اقتدار کی ہوس کا ہے، وزیراعظم پرکسی دور میں بھی بدعنوانی ثابت نہیں ہوسکی۔ تیسر ی بار منتخب وزیراعظم عوام کیلئے آخری وقت تک لڑتے رہیں گے‘ امید ہے اعلیٰ عدلیہ تماشا لگانے والوں کی درخواست مسترد کردیگی ،عمران خان کی شکل میں سازشی ٹولے کو عوام بھی مسترد کریں گے ،عمران خان تین عدالتوں سے مفرور ہیں ،پی ٹی آئی سربراہ نے منی لانڈرنگ کی جس سے نیازی سروسز بنی ، عوام جھوٹ اور اداروں کی تضحیک سن کر تنگ آ چکے ہیں ،ْ بنی گالہ میں بیٹھے شخص کی ذہنی حالت پر تشویش ہے ،ْ خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو لگایا جانے والا تالا عمران خان کو اپنے منہ پر لگا لینا چاہیے۔جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اور نگزیب نے کہاکہ پاناما کیس میں درخواست گزاروں نے کرپشن ،منی لانڈرنگ اور اثاثے چھپانے کے الزامات لگائے تاہم کیس وہیں کھڑا ہے اور سپریم کورٹ توثیق کرچکی ہے کہ سماعت کردہ مقدمہ کرپشن کا ہے ہی نہیں‘عدالت نے توثیق کی کہ وزیراعظم پر کسی دور اقتدار میں کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔