• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر و گرد و نواح کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں پھر اضافہ

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر و گرد و نواح کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا، سورج دن بھر آگ برساتا رہا، دوپہرکے وقت شاہراہوں پر ٹریفک اور تجارتی مراکز میں خریدار معمول سے انتہائی کم نظر آئے۔ گزشتہ دنوں مون سون کی بارش کے بعد سکھر، پنوعاقل، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی ودیگر میں گرمی کی شدت کم ہوگئی تھی تاہم ہفتہ کو گرمی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا۔ شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑا، سورج دن بھر آگ برساتا رہا، دوپہر کے وقت اہم ترین شاہراہوں منارہ روڈ، ایوب گیٹ، بندر روڈ، اسٹیشن روڈ، ریس کورس روڈ، ملٹری روڈ، شکارپور روڈ ودیگر پر ٹریفک انتہائی کم نظر آئی، لوگ اپنے کام کاج نمٹانے کے لئے سورج ڈھلنے کا انتظار کرتے رہے، اسی طرح تجارتی مراکز گھنٹہ گھر چوک، شہید گنج، صرافہ بازار، شاہی بازار، غریب آباد، بیراج روڈ، اناج بازار و دیگر میں بھی خریدار معمول سے انتہائی کم نظر آئے، بیرون شہر سے آنیوالے خریدار بھی شدید گرمی سے بچنے کیلئے ٹھنڈے مشروبات پیتے رہے جبکہ دھوپ میں گھروں سے نکلنے والے شہریوں نے سر اور منہ کو کپڑے سے ڈھانپ کر دھوپ سے بچنے کی کوشش کی۔ شدید گرمی کے موسم میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے واٹر پارکوں کا رخ بھی کیا اور منچلے نوجوان دریائے سندھ، نہروں سمیت واٹر پارکوں میں نہاکر گرمی کی شدت کم کرنے کی کوشش میں مصروف نظر آئے۔ آخری سطور لکھے جانے تک شہر و گرد ونواح کے علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار تھی۔

تازہ ترین