اسلام آباد(وقائع نگار )وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم کا امیدوار نہیں ہوں، انشاءاللہ وزیراعظم میاں نواز شریف ہی رہیں گے ، چوہدری نثار بڑے زیرک اور سمجھدار سیاستدان ہیں، ان کے نواز شریف، شہباز شریف کے ساتھ گزشتہ 32سالہ سے تعلقات ہیں ان کی کیا ناراضگی ہے یا نہیں مجھے کچھ پتہ نہیں، اگر چوہدری نثار یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے پریس کانفرس میں کچھ کہنے سے ان کی عزت و قار میں اضافہ ہوگا تو پھر ان کو حق حاصل ہے ۔ گزشتہ روز ایک تقریب میں جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو خوا مخوا ہ پانامہ کیس میں گھسیٹاگیا ہے ۔حالانکہ ان کا نام بھی نہیں تھا، نتیجہ کچھ بھی ہو وزیراعظم اور ہم سب سپریم کورٹ کے فیصلے کو مانیں گے ۔ تاہم ملک و قوم کی خدمت کرنے والے سیاستدان کا جو حال ہوا ہے اس کے بعد آپ ڈھونڈ ڈھونڈ کر نکالیں گے تو کوئی وزیراعظم بننے کےلئے تیار نہیں ہوگا۔ اس لئے قومی اسمبلی کے 180ممبران میں میرا وزارت عظمیٰ کےلئے 180واں نمبر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے دادا یا بزرگوں نے کوئی جائیداد چھوڑی ہو تو آپ اس کی منی ٹریل پیش کرسکتے ہیں ہرگز نہیں، سیاسی طور پر بہت گند پڑ گیا ہے ۔ ملک کا مستبقل کیا ہوگایہ اللہ ہی جانتا ہے ۔ یہاں کبھی جمہوریت کو کبھی پنپنے نہیں دیاجائے گا۔