اسلام آباد (جنگ نیوز) صدر ڈاکٹرز ونگ شمالی پنجاب ڈاکٹر نوشابہ منان نے ملتان کے علاقے مظفر آباد میں پنچائیت کے حکم پر ایک کمسن بچی کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے زیادتی کے مرتکب اور پنچائیت کے تمام ممبران کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملتان میں ہی 2002ء میں مختاراں مائی کو بھی پنچائیت کے حکم پر ہی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ اگر اُسکے مجرموں اور ملوث عناصر کو کڑی سزا دی جاتی تو آج دوبارہ ایسا ظلم نہ ہوتا۔ ڈاکٹر نوشابہ منان نے کہا کہ ایسے گھنائونے جرائم کی وجہ سے پاکستان کا امیج دنیا بھر میں خراب ہوتا ہے تاہم یہ امر حوصلہ افزاء ہے کہ اکتوبر 2016ء میں نیا قانون پاس ہو چکا ہے جس کے تحت کمسن یا ذہنی و جسمانی طور پر معذور کو زیادتی کا نشانہ بنانے پر سزائے موت یا عمرقید ہو سکتی ہے۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ خواتین و بچیوں کی عزتیں محفوظ بنانے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں۔