• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف ہونگے، عبوری مدت کیلئے شاہدخاقان اور ایاز صادق کے نام

Todays Print

اسلام آباد(صالح ظافر) وزیر اعظم ہا ئوس میں نواز شریف کی زیر صدارت ہونیوالے مسلم لیگ ن کے مشاورتی اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور اور شہباز شریف کو وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے، ساتھ ہی عبوری وزیر اعظم کیلئے ایاز صادق اور شاہد خاقان عباسی کے نام پر غورکیا گیا۔

جمعے کی شام نواز شریف کی زیر صدارت ہونےوالے مشاورتی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف کی جگہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نئے وزیر اعظم ہوں گے جبکہ حمزہ شریف اپنے والد کی جگہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہوں گے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے باعث لاہور سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے120سے شہباز شریف الیکشن لرینگے اور اس سلسلے میںایک عبوری وزیر اعظم45دن کے لئے لایا جائےگا، فیصلے کی باقاعدہ منظوری کےلئے ن لیگ کی پارلیمانی کمیٹی کااجلاس آج پنجاب ہائوس اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو عبوری وزیراعظم بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ شاہد خاقان عباسی کو بھی عبوری وزیر اعظم بنانے پر غور کیاجارہا ہے تاہم حتمی فیصلہ آج ہونےوالے پارلیمانی پارٹی اجلاس میںہوگا۔گزشتہ روز ہونے والے مشاورتی اجلاس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، گورنر پنجاب ملک رفیق، گورنر سندھ محمد زبیر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ، راجہ محمد ظفرالحق ،چوہدری نثار علی خان ، صدر پی ایم ایل (زید) اعجاز الحق، حمزہ شہباز، مریم نواز شریف، پرویز رشید اور سید طارق فاطمی شامل تھے،مزید برآںنواز شریف نے وزیر اعظم ہائوس میں آج 11بجے ایک اور مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے۔

تازہ ترین