لندن ( جنگ نیوز) سربیا سے تعلق رکھنے والے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ دس برس میں پہلی بار عالمی رینکنگ میں ٹاپ فور سے باہر ہوگئے ۔ پیر کو جاری ہونے والی اے ٹی پی رینکنگ میں سابق عالمی نمبر ایک جوکووچ پانچویں پوزیشن پر آ گئے ہیں ۔جبکہ سوئزلینڈ کے اسٹین واورنکا نے چوتھی پوزیشن پر قبضہ کر لیا ہے ۔
30 سالہ جوکووچ جولائی 2007 سے ٹاپ فور میں شامل تھے ۔ اور اب کہنی کی انجری کے سبب پورا سال نہیں کھیل سکیں گے ۔ برطانیہ کے اینڈی مرے بدستور نمبر ون پوزیشن پر ہیں مگر ان کی رینکنگ کو اسپین کے رافیل نڈال کی وجہ سے فی الحال خطرہ لاحق ہے ۔
اینڈی مرے اور رافیل نڈال آئندہ ماہ ٹورنٹو میں مد مقابل ہونگے ۔ تازہ رینکنگ میں رافیل نڈال دوسرے ،راجر فیڈرر تیسرے ،اسٹین واورنکا چوتھے ، جوکووچ پانچویں ،کروشیا کے میرین کلچ چھٹے ، ڈومنیک تھائم ساتویں ، جاپان کے کائی نیشکوری آٹھویں ، مائلوس رائونک نویں اور الیگزینڈر زیوریو دسویں نمبر پر موجود ہیں ۔