اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے نامزد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد وہیں سے سلسلہ جوڑوں گا جہاں پر ٹوٹا تھا، پارٹی وہی، منشور وہی، ترجیحات وہی رہیں گی، تمام پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا۔ جو گزشتہ جمعہ کو ساڑھے بارہ بجے تک چل رہی تھیں۔
پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کابینہ کے بارے میں فیصلہ پارٹی کرے گی، اس میں میری رائے بھی شامل ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے لیڈر میاں نواز شریف نے شائستگی کا سبق دیا ،عمران خان کے لب و لہجے پر شاہد عباسی نے کہا کہ بازاری زبان اور ہماری زبان کا فیصلہ عوام کریں گے۔ شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ(ن) کے دیگر لیڈروں سردار یوسف، خواجہ آصف، لیفٹیننٹ جنرل قادر بلوچ، شیخ آفتاب، جنید انوار چوہدری، اعجازالحق، سائرہ افضل تارڑ، غلام بی بی بھروانہ، زاہدحامد کےہمراہ موجود تھے۔سپیکر نے انہیں پارلیمنٹ میں پرانا چیمبراستعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔